اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،یمن کی نگران حکومت کے وزیرِاعظم علامہ محمد مفتاح نے صنعاء کے السبعین میدان میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یمنی عوام نے اپنے قائد سید عبدالملک بدرالدین الحوثی کی قیادت میں امریکی۔سعودی محاصرے کو توڑنے کا اٹل فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سعودی عرب، اس کے اتحادی یا ان کے حامی اگر کوئی “احمقانہ اقدام” کرتے ہیں تو انہیں اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
محمد مفتاح نے زور دے کر کہا کہ محاصرہ ختم کرنا، ملک کو آزاد کرانا اور قومی خودمختاری کا تحفظ یمن کی قیادت اور عوام کا ناقابلِ واپسی فیصلہ ہے۔ ان کے مطابق یمن کے پاس اپنے حقوق کے دفاع اور محاصرے کے خاتمے کے لیے مختلف جوابی اقدامات کے اختیارات موجود ہیں۔
یمنی عہدیدار نے ایران کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تہران نے محاصرے کو چیلنج کرنے میں یمن کا ساتھ دیا ہے اور انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ فضائی اور بحری محاصرے کو توڑنے کی کوششوں میں بھی ایران ان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے غزہ کے عوام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یمنی عوام اپنے مؤقف اور جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
آپ کا تبصرہ